چترال( نذیرحسین شاہ نذیر) چترال کے تینوں ایم پی ایزنے ضلع کے اندر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے سرکاری اداروں کو فعال اور شفاف طریقے اپنانے کی سختی سے تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے ۔ کہ اداروں کا کردار انتہائی ناقص ہے ۔ جنہیں اپنے اند ر ہر صورت میں تبدیلی لانی ہوگی ۔ لاپرواہی ، کرپشن اور اقرباء پروری و خرد برد کا سلسلہ آیندہ چلنے نہیں دیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم پی اے چترال چیئرمین ڈیڈک سلیم خان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس چترال میں منعقدہ ڈیڈک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں ایم پی اے سید سردار حسین شاہ، ایم پی اے بی بی فوزیہ نئے ڈپٹی کمشنر امین الحق کے علاوہ تمام اداروں کے ہیڈز موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبائی حکومت کی منتیں کرکے فنڈ لاتے ہیں ۔ لیکن چترال کے ادارے ان کی جس طرح بندر بانٹ کرتے ہیں وہ ناقابل بیان ہیں ۔ اجلاس میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو چترال بائی پاس روڈ ،بونی مستوج روڈ، بونی تورکہو روڈ میں ایڈوانس ادائیگی، ڈونڈیداری سکول کی ناقص تعمیر ،سڑکوں کی نا گفتہ بہہ صورت حال خصوصا سڑکوں کی پختگی میں استعمال ہونے والے انتہائی ناقص تارکول سے فنڈ ضائع کرنے کا سختی سے نوٹس لیا گیا ۔